اسلام آباد: پاکستان کا کہنا ہے کہ ایران جوہری معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی معاملہ سلجھانے کی کوششوں کو نقصان پہنچائے گی۔
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق امریکی اقدام سے مذاکراتی عمل اورسفارتکاری پراعتماد کمزور ہو گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کی علیحدگی کے باوجود دیگر فریقین اب بھی معاہدے پر کاربند رہنے کے لیے رضامند ہیں۔ پاکستان نے امریکہ، ایران اورعالمی قوتوں کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی جوہری ایجنسی آئی اے ای اے نے ایران کی جانب سے معاہدے کی پابندی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین معاہدے پرعملدرآمد کے لیے کوئی راستہ نکالیں گے۔
منگل کے روز امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔ ان کے اس اقدام پرسابق امریکی صدربارک اوباما نے سخت تنقید کی ہے جبکہ ایران نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا۔