پاکستانیوں سمیت غیر ملکی عازمین رواں برس حج نہیں کرسکیں گے


کورونا وبا کے باعث پاکستانیوں سمیت غیر ملکی عازمین رواں برس حج کے لئے سعودی عرب نہیں جاسکیں گے۔

سعودی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رواں سال سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار افراد ہی حج کرسکیں گے۔

جاری اعلامیے کے مطابق کسی ملک کے شہریوں کو رواں سال حج کےلیے نہیں آنے دیا جائے گا۔ بیرون ملک رہنے والے افراد کو حج کی اجازت نہیں ہوگی۔  صرف ویکسین لگوانے والے افراد کو حج کرنے کی اجازت ہوگی

ہم نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سمیت غیر ملکی افراد حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

سعودی عرب: حج کے طریقہ کار کا اعلان آئندہ چند روز میں ہو گا

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا تھا کہ سعودی حکومت نے ابھی تک کسی بھی ملک کو حج کا کوٹہ جاری نہیں کیا۔

ایک بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ حج کوٹہ ملنے پر وزارت مذہبی امور حج پالیسی 2021 کا اعلان کرے گی۔ عوام الناس حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان سے قبل حج بکنگ نہ کروائیں۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کا غیرملکیوں کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت کے اعلان سے قبل کسی بھی شخص یا کمپنی کی جانب سے حج بکنگ غیر قانونی تصور ہو گی۔ بعض دھوکے باز عناصر حج بکنگ کا جھانسا دے کر عوام الناس کو مالی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسے کسی بھی عمل کی اطلاع ملنے پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام الناس دھوکے باز عناصر سے باخبر رہیں۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے کہا تھا کہ عوام حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان کا انتظار کریں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں قائم سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ حج کے حوالے سے ابھی کچھ حتمی طور پر طے نہیں کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ حج سے متعلق ابھی تک سب باتیں صرف تجاویز ہیں، ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں