فواد چودھری نے ٹرین حادثات کا ذمہ دار ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو ٹھہرا دیا


وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کو ملک میں ہونے والے ٹرین حادثات کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ٹرین حادثے پرہم سب دکھی ہیں، ٹرین حادثے پرمکمل بحث ہونی چاہیے۔ ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے درمیان حادثہ ہوا۔ سرسیدایکسپریس ملت ایکسپریس کی 18 بوگیوں سے جا ٹکرائی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرین حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ دونوں ٹرینوں پرمجموعی طورپر 1388 مسافرسوارتھے۔ وزیر ریلوے اعظم سواتی جائے حادثہ پرموجود ہیں۔

فوادچودھری کی تقریرکے دوران اپوزیشن نے شورشرابہ کیا تاہم انہوں نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حادثے سے پتہ چلتا ہے، برسوں سے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا۔ ریلوے کے نام پرکی گئی کرپشن میں سعد رفیق نیب کیسز بھگت رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: 3 سال میں 8 بڑے ٹرین حادثات کے بعد بھی حکومت اپنی مجرمانہ غفلت قبول کرنے کو تیار نہیں، مریم نواز

وزیر اطلاعت فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی نے جس طرح ریلوے کو چلایا اس لیے آج حادثات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نواز شریف کی حکومت آئی تو انہوں نے ریلوے ٹریک ہی خریدلیے۔ ماضی کی حکومتوں نے اداروں کو تباہ کردیا۔

فواد چودھری نے کہا کہ سرکاری بھرتیوں کے ذریعے اداروں کو تباہ کیا گیا۔ عمران خان اب اداروں کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ ماضی میں ریلوے بجٹ میں دو تہائی کمی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ایوان کو صرف اپنے مفاد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ آپ سب اکٹھے ہوجائیں تو پھر بھی عمران خان کی حکومت نہیں گراسکتے۔

فواد چودھری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سیاست سندھی قوم پرستی ہے، بھٹو نے اس کے خلاف جہاد کیا۔ ن لیگ سنٹرل پنجاب کی پارٹی بن کررہ گئی ہے۔ یہ جماعتیں اس لیےچھوٹی ہوگئیں کیونکہ ان کاکوئی نظریہ نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں لیکن یہ جماعتیں مقدمات سے آگے بڑھنے والی نہیں۔ اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں جوڈیشل اور دیگر ریفارمز پرآئیں بات کریں۔


متعلقہ خبریں