پشاور میں نجی اسکول مالکان کے خلاف والدین سڑکوں پر آگئے


پشاور: نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے فیسیں یکمشت وصول کرنے کے خلاف سڑکوں پر احتجاج شروع کردیا۔

پرائیوٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت نجی اسکولوں کے مالکان کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ موسم گرما کی تعطیلات کی فیسیں یکمشت وصول نہ کریں۔

نجی اسکولوں کے مالکان نے سرکاری ادارے کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے بچوں کے والدین کو نوٹسز بھیج دیے کہ وہ موسم گرما کی تعطیلات کی فیسیں یکمشت فوراً ادا کریں۔

بچوں کے اسکولوں کی جانب سے ملنے والے نوٹسز کے خلاف شدید گرمی میں والدین سراپا احتجاج بن گئے۔ انہوں نے نجی اسکول مالکان کے خلاف سڑکوں پر احتجاج شروع کردیا۔

احتجاج میں شریک بچوں کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ نجی اسکولوں کے مالکان اور انتظامیہ فیسوں کی وصولی کے معاملے میں باقاعدہ دھمکیوں پر اتر آئی ہے۔

نجی اسکولوں کے مالکان کے خلاف سخت گرمی میں شدید نعرے لگا کر اپنے غم و غصے کا اظہار کرنے والے والدین نے پشاور ہائی کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے سرکاری اور حکومتی اداروں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال پر کارروائی کریں اور انتظامی فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنوائیں۔


متعلقہ خبریں