پاکستانی نژاد بیلجیم لڑکی کا قتل، ملزم کا اعتراف جرم 


لاہور: پاکستانی نژاد بیلجیم لڑکی کے قتل میں نامزد ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم ظاہر جدون نے لڑکی کے قتل کا اعتراف کیا۔ ظاہر جدون کو پولیس نے شامل تفتیش ہونے پر حراست میں لیا تھا۔

اعترافی بیان میں ملزم نے کہا کہ مقتولہ کے ساتھ جھگڑا ہوا اور3 مئی کی صبح کوقتل کیا۔ مقتولہ کے قتل کا علم اس کی دوست کو تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ظاہر جدون پہلے بھی ایک قتل کے مقدمہ میں ملوث رہ چکا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی نژاد مائرہ ذوالفقار کو تین مئی 2021 کو لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس (فیز 5) میں اس گے گھر میں نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا۔

وہ اس گھر میں گذشتہ چند ماہ سے اپنی ایک خاتون دوست کے ہمراہ مقیم تھیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق انہیں بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق مائرہ کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔ لاہور میں پولیس نے اس قتل کے الزام میں دو نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ اس کیس میں نامزد دو ملزمان ضمانت قبل از گرفتاری پر ہیں۔

ایف آئی آر میں مدعی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ مائرہ کو دو لڑکوں نے دھمکی دی تھی اور یہ کہ یہ دونوں نوجوان مائرہ سے شادی کے خواہشمند تھے۔

 


متعلقہ خبریں