وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلسطین پر مظالم رکوانے کیلئے مسلم امہ نے اپنا کردار ادا کیا، جنگ بندی مسلم امہ کی بہت بڑی کامیابی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسرائیل کے عزائم بڑے خطرناک ہیں۔ مظلوم فلسطینیوں کا مقدمہ دیانتداری سے لڑنے کی کوشش کروں گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری دنیا میں فلسطین کے حق میں آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ میں نے گزشتہ روز فلسطین کے ساتھ کشمیر کا مقدمہ بھی پیش کیا۔ فلسطینی بھی کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: وقت آگیا ہے اب اسرائیل کو کہا جائے کہ بس کرو، شاہ محمود قریشی
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کمیونٹی کو فلسطین میں لگی آگ کو بجھانا ہوگا۔ فلسطین میں لگی آگ پورے مشرق وسطی ٰکو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سینیٹر لنزے گراہم کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ گفتگو میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان زرعی پیداوار کے شعبوں میں تعاوَن کے مواقع موجود ہیں۔ پاکستان افعان مسئلے کے سیاسی حل کیلئے کی جانیوالی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ سینیٹر لنزے گراہم کا علاقائی امن و استحکام کیلئے پاک امریکہ اقتصادی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔