اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ


اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

فلسطین کی صورت حال پراقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں شہری آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ غزہ میں شہریوں خاص کر بچوں کی ہلاکت تشویشناک ہے۔ غزہ کے بچے جنگ کی بھارتی قیمت ادا کررہے ہیں۔ فریقین شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے سے گریز کریں۔

مزید پڑھیں: غزہ: حماس کو آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں جنگ بندی کی امید

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری کشیدگی کو روکنا ہوگا۔ دونوں اطراف سے سیزفائرہونا چاہیے۔ اسرائیل اور فلسطین تنازع کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ غزہ میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس اسرائیلی بمباری سے متعدد اسپتال تباہ ہوگئے ہیں۔ ہزاروں فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔ پناہ گزین کیمپ پرحملے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد شہید ہوئے ہیں۔ غزہ میں میڈیا کی عمارت تباہ کرنے پرتشویش ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کررکھی ہے۔ معصوم اور نہتے فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

فلسطینی وزیرخارجہ نے کہا کہ مسجد الاقصیٰ میں نہتے نمازیوں پر یلغار کی گئی۔ فلسطین پر جاری اسرائیلی بربریت فوری ختم کرائی جائے۔
اسرائیل اپنے بہیمانہ جرائم پر دنیا سے معافی تک نہیں مانگ رہا ہے۔

اردنی وزیرخارجہ ایمن صفادی نے کہا کہ اسرائیل کے غزہ حملے میں درجنوں معصوم بچے اور خواتین کو شہید کیا گیا۔ اسرائلی جارحیت سے غزہ میں ہزاروں فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔

اردنی وزیرخارجہ نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ عالمی امداد کے منتظر ہیں۔ اقوام متحدہ اسرائیل پر عالمی چارٹر کی پاسداری کیلئے دباو ڈالے۔ اسرائیل غزہ پر جاری جارحیت ختم کرتے ہوئے جنگ بند کرے۔ شیخ جراح کے علاقے سے فلسطینی عوام کی زبردستی بے دخلی جنگی جرم ہے۔


متعلقہ خبریں