ناروے: ایسٹرا زینیکا اور جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین ترک کرنے کی سفارش


ناروے کے ایک اعلیٰ سطح کمیشن نے حکومت کو برطانوی کمپنی ایسٹرا زینیکا اور امریکی کمپنی جانسن اینڈ جانسن کی کورونا وائرس کے خلاف تیار کردہ ویکسین ترک کرنے کی سفارش کی ہے۔

حکومت کے مقرر کردہ کمیشن نے پیر کو کہا کہ ناروے کو ضمنی اثرات کے خطرہ کے پیش نظر ایسٹرا زینیکا اور جانسن اینڈ جانسن کی تیارکردہ کوڈ-19 ویکسین کو شہریوں کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

کمیشن نے تاہم کہا ہے کہ جو لوگ رضاکارانہ طور پر ان دونوں دوا ساز کمپنیںوخ کی تیار کردہ ویکسین لگوانا چاہیں تو انہیں اس کی اجازت دی جائے۔

خیال رہے کہ لوگوں میں ضمنی اثرات سامنے آنے کے بعد 11 مارچ کو ناروے نے ایسٹرا زینیکا ویکسین کو ملک بھر سے لپیٹ دیا تھا۔

ایسٹرا زینیکا ویکسین لگوانے والے کم از کم آٹھ افراد میں بلڈ کلاٹنگ (خون جمنے)، خون بہنے اور پلیٹلیٹس کی کم تعداد کم ہونے کے کیسز سامنے آئے تھے۔ ایسٹرا زینیکا کی ویکسین لگوانے والے چار افراد کی موت بھی واقع ہوئی تھی۔

نارویجن انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ (ایف ایچ آئی) نے 15 اپریل کو ایسٹرا زینیکا ویکسین کو مکمل طور ختم کرنے کی درخواست کی  تھی لیکن حکومت نے اس پر اور جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین سے متعلق کمیشن سے مشورہ طلب کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ناروے: کورونا ویکسین لگوانے والے 29 بزرگ شہری جاں بحق

خیال رہے کہ یورپی میڈیسن ایجنسی (ای ایم اے) کی منظوری کے باوجود ایسٹرا زینیکا ویکسین ماس لیول پر ناروے میں استعمال نہیں ہوا ہے۔

کمیشن نے اپنی سفارشات میں آٹھ نارویجن افراد میں خون جمنے کے واقعات کو ایسٹرا زینیکا ویکسین سے منسلک کیا ہے۔ ایسٹرا زینیکا ویکسین کے ان وصول کنندگان میں سے چار کی موت ہوگئی تھی۔

کمیشن نے کہا ہے کہ حکومت کو قومی ویکسینیشن اسکیم پر عوام کا اعتماد برقرار رکھنے پربہت زیادہ زور دینا ہوگا، تاکہ آنے والے سالوں میں لوگوں میں ویکسینیشن کے متعدد ممکنہ ڈوزز سے متعلق شکوک و شبہات ختم ہوجائیں۔

دوسری جانب ناروے کے وزیر صحت صحت بینٹ ہوئی نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ان ویکسینوں کو استعمال کرنے کے بارے حکومت کمیشن کے فیصلوں کے ساتھ ساتھ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی سفارشات کو بھی ملحوظ خاطر رکھے گی۔

تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ حکومت اس حوالے سے اپنا فیصلہ کب کرے گی۔

دوسری جانب ایسٹرا زینیکا کمپنی نے کہا ہے کہ وہ ناروے حکومت کے حتمی فیصلے کا انتظار کررہی ہے۔

ایسٹرا زینیکا نے مزید کہا ہے کہ “ہم ویکسین سے متعلق فیصلے کرنے کے لیے ناروے کی حکومت اور ہیلتھ ریگولیٹرز کو تمام دستیاب اعداد و شمار فراہم کرنے کے لیے  تعاون جاری رکھیں گے”۔

تاہم جانسن اینڈ جانسن نے فوری طور پرناروے کمیشن کی سفارشات کے حوالے سے تبصرہ نہیں کیا ہے۔


متعلقہ خبریں