اسلام آباد: پاکستان کو اب تک کورونا کی ایک کروڑ 19 لاکھ ویکسین کی خوراکیں موصول ہو چکی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اب تک موصول ہونے والی کورونا ویکسین کی تفصیلات جاری کر دیں۔ این سی او سی کے مطابق اب تک ایک کروڑ 19 لاکھ ویکسین کی خوراکیں موصول ہوچکی ہیں اور موصول ہونے والی ویکسین میں سائنو فارم، سائنو ویک اور کینسائنو شامل ہیں۔
این سی او سی کے مطابق 10 لاکھ 23 ہزار ایسٹرازینکا ویکسین آج پاکستان پہنچ گئیں یہ ایسٹرازینکا ویکسین کوویکس پروگرام کے تحت پاکستان پہنچی ہے۔
10 لاکھ سائنوویک ویکسین کی خوراکیں کل پاکستان پہنچیں گی جبکہ 10 لاکھ مزید ویکسین 13 اور 15 مئی کو پاکستان پہنچیں گی۔
15 لاکھ مزید ویکسین رواں ماہ کے آخر تک پہنچنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدوں پر دستخط
این سی او سی نے تمام شہریوں بالخصوص 60 سال سے زائد بزرگ افراد کو ویکسین لگانے کا مشورہ دیا ہے۔ این سی او سی کے مطابق 60 سال اور اس سے زائد افراد اس وبا سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔