پشاور: خیبرپختونخوا میں پیشگی فیس وصول کرنے پرعائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے نجی اسکولز کے خلاف کارروائی کا آغازکر دیا گیا۔
کے پی پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے تحت صوبے کے تمام نجی اسکولز تعطیلات کی فیس یکمشت وصول نہیں کرسکتے۔ نوٹیفیکیشن میں فیس پر سالانہ اضافہ کرنے اور طلبہ سے ٹرانسپورٹ فیس لینے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صوبے کے 22 بڑے نجی اسکول سسٹمز کے بینک اثاثے منجمد کرنے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔
صوبائی انتظامیہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو خلاف ورزی کرنے والے تمام اسکولز کے بینک اکاؤنٹس سیل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
پیشگی فیس وصولی معاملہ:
19 اپریل کو صوبائی صدرپرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن ڈاکٹر ذاکر شاہ نے اعلان کیا تھا کہ موسم گرما کی فیس معمول کے مطابق پیشگی اور یکمشت وصول کی جائے گی اور حکومتی پابندی کے خلاف 23 اور24 اپریل کو صوبے بھرمیں ہڑتال کی جائے گی، انہوں نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں غیر معینہ مدت کے لیے تعلیمی ادارے بند کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔
25 اپریل کو پشاور ہائی کورٹ نے ایکشن لیتے ہوئے حکم جاری کیا کہ ہڑتال کی صورت میں اسکولز کو حکومتی تحویل میں لے لیا جائے جس کے بعد دو روز سے جاری ہڑتال ختم کر دی گئی اور تمام پرائیویٹ اسکول کھول دیے گئے۔
ہائی کورٹ نے آئندہ ایسی صورت میں اسکول مالکان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔