پاکستان: ایک دن میں کورونا ویکسین لگوانے والوں کی تعداد 2 لاکھ سے زائد


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کورونا ویکسین لگنے کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کےلیے رجسٹریشن کی رفتار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رجسٹریشن کرنے والوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اگر عمر 40 سال یا اس سے زائد ہے تو جلد رجسٹریشن کریں۔

اسد عمر نے عوام سے اپیل بھی کی ہے کہ حفاظتی اقدامات جاری رکھیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور 40 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کورونا ویکسین آئندہ ماہ سے پاکستان میں تیار ہوگی

ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔

ویکسینیشن کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں