کیمبرج سمیت تمام امتحانات 15 جون تک منسوخ


ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث وفاقی حکومت نے 15 جون تک تمام امتحانات بشمول او اور اے لیول کے جاری امتحانات منسوخ کردیے ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ 15 جون تک تمام امتحانات منسوخ کردیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مئی میں ہونے والےانٹر کے امتحانات بھی ملتوی کردیے ہیں۔ مئی کے تیسرے ہفتے میں حالات کا دوبارہ جائزہ لیں گے اور پھر فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کیمبرج 15 مئی کے بعد او لیول کے امتحانات ری شیڈول کرنے پر متفق

شفقت محمود نے کہا کہ اے اور او لیول کے امتحانات اکتوبر اور نومبرمیں ہونگے۔ مشکل وقت میں کوئی بھی فیصلہ آسان نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ 18 اپریل کو ہم نے این سی او سی کا جو آخری اجلاس کیا تھا اس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ امتحانات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا لیکن اس کے بعد سے 27 اپریل تک کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے این سی او سی اجلاس میں یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہوں گے۔

شفقت محمود نے کہا کہ آج سے لے کر 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہو گا اور نویں سے 12 ویں جماعت کے جن امتحانات کو مئی کے آخر میں شروع ہونا تھا ، انہیں مزید ملتوی کردیا گیا ہے اور 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم حالات کا جائزہ لیتے رہیں گے اور مئی کے وسط یا تیسرے ہفتے میں بیماری کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا کہ ان امتحانات کو اور آگے لے کر جانا ہے یا ان کا آغاز کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر 15 جون کے بعد امتحانات ہوتے ہیں تو یہ جولائی سے اگست تک طوالت اختیار کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ او لیول کے امتحان بھی کینسل کر دیے گئے ہیں جو اب اکتوبر نومبر کی سائیکل میں ہوں گے اور اسی طرح اے ایس کے امتحان بھی اب اکتوبر نومبر میں ہوں گے۔


متعلقہ خبریں