کنبھ میلے میں شرکت شراون کی موت کی وجہ بنی، ادت نارائن


نئی دہلی: بالی ووڈ گلاکار ادت نارائن نے کہا ہے کہ شراون راٹھور کی موت کنبھ میلے میں شرکت کی وجہ سے ہوئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار ادت نارائن نے کہا کہ گانوں کے میوزک ڈائریکٹر شراون راٹھور سے آخری دفعہ میری بات فون پر ہوئی تھی جب وہ کنبھ میلے میں شریک تھے اور وہی میلہ ان کی موت کی وجہ بنا۔

انہوں نے بتایا کہ 2 ہفتے قبل میں نے اچانک شراون کو کال کی تو انہوں نے بتایا وہ اہلیہ کے ہمراہ کنبھ میلے میں موجود ہیں، اس پر میں حیران رہ گیا کیونکہ وہ شوگر اور بلڈپریشر کی مریض تھے، کاش وہ یہ خطرہ مول نہ لیتے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے شراون کو کہا کہ وہ مجھے پہلے بتاتا تو میں بھی ان کے ہمراہ کنبھ میلے چلتا لیکن اس دوران فون بند ہو گیا۔ شراون کی مختلف بیماریوں نے گھیرا ہوا تھا اور انہیں میلے میں شریک نہیں ہونا چاہیے تھا۔

ادت نارائن نے کہا کہ میلے سے واپسی پر شراون کورونا کا شکار ہو گئے تھے جبکہ ان کی اہلیہ اور بیٹا بھی اس وائرس میں مبتلا ہیں۔ موجودہ صورتحال میں حکومت کو کنبھ میلے کی اجازت نہیں دینی چاہیے تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شراون راٹھور کورونا کے باعث ممبئی کے مقامی اسپتال میں چل بسے تھے، وہ 90 کی دہائی کے سپر ہٹ گانوں کے میوزک ڈائریکٹر تھے۔


متعلقہ خبریں