بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے پیش نظر کراچی کے ضلع کیماڑی کے 2 سب ڈویژن کی یونین کونسل میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کیماڑی کی یو سی نمبر 3 اور سب ڈویژن سائٹ یو سی میٹروول 4 میں لگایا گیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن 7 مئی 2021 تک نافذ رہے گا۔ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں تمام کاروباری سرگرمیاں کورونا ایس او پیز کے مطابق ہونگی۔ متاثرہ علاقوں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے سندھ میں مزید 11 افراد جاں بحق جب کہ 855 متاثر ہو ئے ہیں۔
مزید پڑھیں: کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کیلئے فوج کی مدد لینے کا فیصلہ
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کی صورتحال سے متعلق بتایا ہے کہ صوبے میں عالمی وبا سے اب تک 4 ہزار 587 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ مجموعی طور 2 لاکھ 76 ہزار 669 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں کورونا کے 410 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 93 ہزار 801 ہو گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا کے 446 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 48 مریض وینٹی لیٹر ز پر ہیں۔