15 سال بغیر حاضری کے تنخواہ وصول کرنے والا ملازم

Italy

جنوبی اٹلی کے ایک سرکاری اسپتال کا ملازم  15 سال بغیر حاضری کے تنخواہ وصول کرتا رہا ہے۔

اٹلی کی مالیاتی پولیس  گارڈیا ڈی فنانزا نے کا کہنا ہے کہ سلووٹور سکومیس نامی شخص  15 سال سے غیر حاضر رہنے کے باوجود تنخواہ کی مد میں تقریبا پانچ لاکھ 38 ہزار یورو وصول کر چکا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ مذکورہ شخص کو دھوکہ دہی، دھونس اور اپنے عہدے کے ناجائز استعمال کی تحقیقات کا سامنا ہے۔

پولیس نے الزام لگایا ہے کہ سکومس 2005 سے  کتنزارو میں واقع  پلگیز سائیکیو اسپتال میں اپنے کام  سے مسلسل غیر حاضر رہا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ اسکومیس اور اس کے چھ اعلیٰ افسران سے تفتیش مکمل کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق سکومیس نے ڈیڑھ دہائی تک غیر حاضر ہونے کے لیے اپنے اعلیٰ افسران کو بھتہ دیتا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان : غیر حاضری کی بنیاد پر 2000سے زائد اساتذہ معطل

سی این این کے مطابق تحقیقاتی افسران نے اسپتال کے حاضری کے ریکارڈ ، ڈیوٹی شفٹوں کی جانچ اور اس کے ساتھیوں اور اعلیٰ افسران کے بیانات قلم بند کرلیے ہیں۔

پولیس نے سی این این کو بتایا کہ اسکومیس سے متعلق تحقیقات مکمل کی گئی ہیں تاہم اسے گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کے پاس اپنی صفائی پیش کرنے کے لیے اب 20 دن باقی ہیں جس کے بعد پراسیکیوٹر فیصلہ کرے گا کہ آیا فرد جرم کی درخواست دی جائے یا نہیں۔

پولیس نے بتایا کہ اس شخص کے سپروائزرز سے بھی تفتیش مکمل کی جاچکی ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

اطالوی میڈیا کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ مذکورہ شخص نے کام سے غیر حاضر رہنے اور نظم و ضبط کی کارروائی سے بچنے کے لیے اپنے ساتھیوں کو ڈرایا دھمکایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 60 سالہ یہ شخص نے 2005 میں ملازمت اختیار کی تھی۔


متعلقہ خبریں