اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسدعمر نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا صورتحال اچھی نظر نہیں آرہی، پابندیوں پرعمل نہ ہوا تو بڑے بڑے شہر بند کرنا پڑیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ نئے فیصلے کیے ہیں، جمعہ کو نئی بندشوں کا اعلان کریں گے۔
اسد عمر نے کہا کورونا پابندیوں پر قوم عمل نہیں کررہی اور انتظامیہ بھی کارروائی نہیں کررہی اور کورونا کیسز میں اضافے کے باعث اسپتالوں پر دباوَ ہے، سندھ میں بھی کورونا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے، اسپتالوں میں آکسیجن فراہم کرنے کی صلاحیت 90 فیصد استعمال ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس جس قدر تیزی سے پھیل رہا ہے حکومت کو چند دن بعد مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس کے بعد انہوں نے بتایا کہ عوام احتیاط نہیں کر رہے ہیں جس کے باعث کیسز میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا کے5ہزار499 نئے کیسز رپورٹ،مزید148 اموات
اسد عمر نے کہا کہ کورونا کی شرح مردان میں 33، پشاور26 اور بہاول پور38 فیصد ہے۔ قوم بھی عمل نہیں کررہی، انتظامیہ بھی کارروائی نہیں کررہی۔
گزشتہ سال قوم نے ایس او پیز پر عمل کیا، اس مرتبہ عمل نہیں ہورہا۔ اسپتالوں میں آکسیجن فراہم کرنے کی صلاحیت 90فیصد استعمال ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا اگر کورونا کی صورتحال اسی طرح برقرار رہی تو بڑے بڑے شہر بند کرنا پڑیں گے۔ ابھی بڑے شہر بند نہیں کررہے، چند دن کی گنجائش رہ گئی ہے۔ کچھ نئے فیصلے کیے ہیں، جمعہ سے نئی بندشوں کا آغاز کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں کورونا سے148 اموات ہوئیں اور5 ہزار499 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 16 ہزار600تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 72ہزار381ہو گئی ہے۔