راولپنڈی: حکومت نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرانے کا اعلان کر دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے راولپنڈی کے سرکاری اسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوءے کہا کہ حکومت نے احسن طریقے سے فتنے پر قابو پا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کیخلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کسی کواجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ سرکاری افسران کودھمکیاں دے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے وہی زبان استعمال کی جو تحریک لبیک یا بانی ایم کیوایم کرتے رہے ہیں۔ رانا ثنا اللہ نے سرکاری افسران کے خلاف دہشت گردوں والی زبان استعمال کی۔
انہوں نے کہا کہ جاتی امر میں کوئی گھر گرانے کا ارادہ نہیں تاہم وزیر اعظم کو رپورٹ ملی تھی کہ متعدد اراکین اسمبلی نے زمینوں پر قبضے کیے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک لبیک کیخلاف کارروائی ریاست کی رٹ چیلنج کرنے پر کی، وزیر اعظم
فواد چوہدری نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے اس فتنے کو ناکام بنایا۔ مجبوری میں سوشل میڈیا پرعارضی طور پر پابندی لگائی گئی تھی۔ پاکستان کی ریاست ہرگز کمزور نہیں اور ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری زمین غلط طور پر منتقل کی گئی۔ وہ زمین بوڑھی عورت کے نام پر منتقل کی گئی پھر نواز شریف کی والدہ کے نام منتقل ہوئی۔