تحریک لبیک کیخلاف کارروائی ریاست کی رٹ چیلنج کرنے پر کی، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک لبیک نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا اس لیے ان کے خلاف کارروائی کی۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ میں پاکستان اور بیرون ملک شہریوں پر واضح کر دوں کہ ہماری حکومت نے تحریک لبیک کے خلاف کارروائی انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک کے خلاف کارروائی تب کی گئی جب انہوں نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا۔ تحریک لبیک کے لوگوں نے سڑکوں پر پرتشدد مظاہرے کیے۔

یہ بھی پڑھیں: میرے خلاف درج مقدمات میں چینی کا ذکر نہیں، جہانگیر ترین

وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک لبیک کے لوگوں نے عوام اور قانون نافذ کرنے والوں پر حملہ کیا۔ کوئی بھی آئین اور قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اہل مغرب آزادی اظہار رائے کی آڑ میں منافرت پھیلا رہے ہیں، مغرب میں رہنے والے انتہا پسند اپنےاس رویے پر ایک ارب 30 کروڑ مسلمانوں سے معافی مانگیں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ مغرب میں ہولو کاسٹ پر کسی بھی قسم کے تبصرے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

وزیر اعظم نے اسلامو فوبیا کے حوالے سے بھی لکھا کہ بیرون ملک اسلام فوبیا اور نسل پرستانہ رویے کے حامل انتہا پسند مسلمانوں کو تکلیف پہنچاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم مسلمان نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ سے سب سے زیادہ محبت اور احترام کرتے ہیں، مسلمان نبی کریم ﷺ کی شان میں کسی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کرسکتے۔


متعلقہ خبریں