پیوٹن نے چوتھی مرتبہ روس کے صدر کا حلف اٹھا لیا


ماسکو: ولادی میر پیوٹن نے چوتھی مرتبہ روس کے صدرکی حثیثت سے حلف اٹھا لیا، وہ 2024 تک عہدے پر فائز رہیں گے۔

ماسکو کے کریملین ہال میں تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ ان کی آئندہ چھ سالہ مدت میں روسی معیشت کی بہتری اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے بہترطرز زندگی کی فراہمی میں مدد گار ثابت ہونے والے معاشی ایجنڈے کو لے کر چلنے کا وعدہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم طرز زندگی کی بہتری، سیکیورٹی اور عوام کو صحت مند ماحول دینے کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔

پیوٹن نے روس کے بین الاقوامی کردار کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ عالمی دنیا میں ماسکو ایک متحرک اور مضبوط کردار ادا کررہا ہے لیکن اب بھی  ملک کی دفاعی اور حفاظتی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ روس کو بہت سے خوفناک چلینچز کا سامنا ہے تاہم توقع ظاہر کی کہ ہر قسم کے حالات سے نمٹ لیا جاٗے گا۔

نو منتخب روسی صدر ولادی میر پیوٹن 1999 سے بطور صدر اور وزیراعظم روس کی سربراہی کررہے ہیں، 2008  میں عہدہ صدارت کی مدت مکمل ہونے پر انہیں وزیراعظم منتخب کرلیا گیا جس کے بعد وہ ایک بار پھر 2012 میں روس کے صدر منتخب ہوئے۔

2018 کے حالیہ انتخابات میں پیوٹن نے 74 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ 2012 میں انہوں نے 64 فیصد ووٹ لیے تھے۔ پیوٹن طویل ترین مدت تک برسر اقتدار رہنے والے دوسرے روسی صدر ہیں، اس سے قبل جوزف اسٹالن نے 30 برس تک سوویت یونین پر حکمرانی کی تھی۔


متعلقہ خبریں