فیڈرل ایریاز نے پاکستان کپ جیت لیا


فیصل آباد: دفاعی چیمپئن فیڈرل ایریاز الیون نے خیبرپختونخوا کو ہرا کر پاکستان کرکٹ کپ اپنے نام کرلیا۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں فیڈرل ایریاز نے پانچ وکٹوں سے کے پی کو شکست دی۔

پاکستان کپ جیتنے والی ٹیم کو 20 لاکھ اور رنراپ کو دس لاکھ روپے انعام دیا گیا۔

شائقین کا جوش و خروش

پاکستان کپ کا میلہ گیارہ روز تک سجا رہا جب کہ فائنل میں شائقین کا جوش و خروش معمول سے زیادہ دکھائی دیا۔

خیبرپختونخوا ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں عام دنوں کے دوران رش کا نہ ہونا میرے لئے حیرت انگیز ہے، شائقین کی عدم دلچسپی کی وجہ مارکیٹنگ کی کمزوری ہو سکتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاتح ٹیم کے کپتان کامران اکمل نے امید ظاہر کی کہ انہیں دوبارہ قومی ٹیم میں شامل کر لیا جائے گا، وہ ہمیشہ اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کا  کہنا تھا کہ اس قسم کے ٹورنامنٹ شائقین کرکٹ کو تفریح مہیا کرتے ہیں اوران سے نئے ٹیلنٹ کو ابھرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔


متعلقہ خبریں