اپوزیشن سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کا استعفے بھیجنا افسوسناک ہے، ہم پھر بھی دونوں جماعتوں کو موقع دیتے ہیں اور آخری بار کہتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں۔
اسلام آباد میں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد اپوزیشن رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے تنظیمی ڈھانچے کے تحت دونوں جماعتوں سے وضاحت طلب کی گئی۔
مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی کا پی ڈی ایم کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے سیاسی قد کاٹھ کا تقاضا تھا کہ باوقار انداز میں وضاحت کا جواب دیتے۔ دونوں پارٹیز وضاحت دینے کیلیے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلانے کا بھی تقاضا کرسکتی تھیں۔ پیپلزپارٹی اور اے این پی اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں ، ہم آپ کی بات سننے کوتیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ تنظیمی اختلافات چوک پر لے جائیں، پیپلزپارٹی اور اے این پی پی ڈی ایم سے رجوع کریں، پی ڈی ایم عہدوں اور منصب کیلیے لڑنے کا فورم نہیں ہے۔