پنجاب: جیلوں میں قیدیوں کی کورونا ویکسی نیشن کا آغاز 

پاکستانی قیدی

فوٹو: فائل


وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں اورملازمین کی ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اب تک 480 قیدیوں کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے، گزشتہ روز 107 قیدیوں اور 4 ملازمین کوویکسین لگوائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ایس او پیز کی پابندیوں میں 13اپریل تک توسیع

انہوں نے کہا کہ اب تک 34 جیل ملازمین کورونا ویکسین سے مستفید ہو چکے ہیں، مہم ہر ضلع کے متعلقہ سی ای او ہیلتھ کے تعاون سے جاری ہے۔

صوبائی وزیر جیل خانہ جات کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں پر پابندی بھی کورونا سے بچاؤ کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 100 اموات اور 5 ہزار 139 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار 329 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد7 لاکھ 15 ہزار 968 ہو گئی ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 73 ہزار 78 ہے اور 6 لاکھ 27 ہزار 561 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 6 ہزار 908 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 523، خیبر پختونخوا 2 ہزار 586، اسلام آباد 601، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 213 اور آزاد کشمیر میں 395 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا روسی ویکسین مقامی سطح پہ تیار کرنے پر غور

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 64 ہزار 902، خیبر پختونخوا 97 ہزار 318، پنجاب 2 لاکھ 45 ہزار 923، سندھ 2 لاکھ 68 ہزار 284، بلوچستان 20 ہزار 178، آزاد کشمیر 14 ہزار 260 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 103 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں