اٹلی میں کورونا وبا شدت اختیار کرنے لگی، نئی پابندیاں لگ گئیں


اٹلی میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے باعث اطالوی حکام نے  نئی پابندیاں نافذ کردی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیر سے اٹلی کے نصف سے زائد علاقوں میں بشمول گنجان آباد شہر روم اور میلان میں دکانیں، ریسٹورانٹس اور اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پابندی کے تحت تمام اسکولز بند ہوں گے جبکہ ماسک کا استعمال بھی لازمی ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایسٹر کے دوران 3 سے 5 اپریل کے دوران پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔

پابندیوں سے متعلق اپنے بیان میں اٹلی کے ماریو ڈراگی نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ نئی پابندیوں کے نتیجے میں آپ کے بچوں کی تعلیم، معیشت اور ہر ایک ایک کی ذہنی صحت پر اثر پڑے گا۔ لیکن کورونا صورتحال مزید خراب ہونے سے روکنے کے  لیے سخت اقدامات ضروری ہیں۔

یاد رہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث اب تک ایک لاکھ اموات ہوئی ہیں جبکہ مجموعی طور پر 3 لاکھ آٹھ ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ یورپ میں کورونا کیسز کے حوالے سے برطانیہ کے بعد اٹلی کا دوسرا نمبر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جانسن اینڈ جانسن ویکسین کے فوری استعمال کی اجازت

اٹلی کے صحت کے حکام کے مطابق ملک کے بشتر علاقوں میں اسپتالوں اور انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں مزید مریضوں کو داخل کرنے کی گنجائش ختم ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 11 کروڑ 96 لاکھ 9 ہزار سے زائد افراد متاثر اور مرنے والوں کی تعداد 26 لاکھ 51 ہزار 700 ہو گئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 9 کروڑ 62 لاکھ 55 ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 2 کروڑ 7 لاکھ 2 ہزار سے زائد ہے۔

امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی کل تعداد 5 لاکھ 45 ہزار 544 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 2 کروڑ 99 لاکھ 93 ہزارسے زائد متاثر ہیں۔

بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 13 لاکھ 33 ہزار سے زائد ہے اورایک لاکھ 58 ہزار 483 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 60 سال سے زائد عمر کے افراد چینی اور روسی ویکسین لگواسکتے ہیں، ڈریپ

برازیل میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 13 لاکھ 68 ہزار سے زائد ہو گئی ہے اور 2 لاکھ 75 ہزار 276 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

روس میں 43 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 91 ہزار 220 ہے۔

برطانیہ میں 42 لاکھ 48 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں اور ایک لاکھ 25 ہزار 343 اموات ہوچکی ہیں۔ فرانس میں 40 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 90 ہزار 146 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسپین میں 31 لاکھ 83 ہزار 704 افراد متاثر اور 72 ہزار 258 اموات ہوئی ہیں۔ اٹلی میں بھی 31 لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جبکہ ایک لاکھ ایک ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس کے پہلے پانچ کروڑ کیسز 356 دنوں میں رپورٹ ہوئے تھے جب کہ آخری پانچ کروڑ کیسز صرف اناسی روز میں رجسٹرڈ ہوئے ہیں


متعلقہ خبریں