اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے امیدوار مولانا غفور حیدری اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مرزا افریدی کے درمیان مقابلہ ہے۔ ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
سینیٹ کے نو منتخب چیئرمین صادق سنجرانی نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ووٹنگ کی صدارت کی۔
اس سے قبل صادق سنجرانی دوسری مرتبہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے اور انہوں نے اپنے عہدے کا حلف لیا۔ صادق سنجرانی نے 48 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل پی ڈی ایم کے منتفقہ امیدوار سید یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کو شکست، صادق سنجرانی دوسری مرتبہ چیئرمین سینیٹ منتخب
ہم نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ کا حلف اٹھانے کے بعد نو منتخب چیئرمین صادق سنجرانی نے کہا کہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کاشکر ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کا شکرگزارہوں اور پی ٹی آئی کی تمام لیڈر شپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ دوبارہ منتخب کرانے پر اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کیا جائے گا۔