جنوبی پنجاب صوبہ محاذ نے مسلم لیگ ن کی تین وکٹیں گرا دیں


لاہور: حکمراں جماعت کے رکن پنجاب اسمبلی مرتضیٰ رحیم کھر، میاں علمدار قریشی اور ذیشان گرمانی جنوبی پنجاب صوبہ محاذ (جے پی ایس ایم) میں شامل ہو گئے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے پی ایس ایم کے رہنما خسرو بختیار نے کہا کہ الحاق کے لیے تحریک انصاف سمیت دیگر بڑی جماعتوں سے بات چل رہی ہے۔ ہمارا ایک نکاتی ایجنڈا ہے اور ہم صرف اسی جماعت سے الحاق کریں گے جو صوبہ جنوبی پنجاب کی حمایت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن چھوڑنے کی وجہ بھی یہی تھی کہ ہمارے علاقے کے عوام کو صرف وعدوں پر ٹرخایا جارہا تھا۔

جے پی ایس ایم کے دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم لسانی اورعلاقائی بنیادوں پرسیاست کے حامی نہیں ہیں۔ جنوبی پنجاب صوبے کا حصول انتظامی بنیادوں پرہونا چاہیے۔ نیا صوبہ بننے سے بہاولپور کی محرومیاں ختم ہوں گی۔

اس موقع پر کئی سیاسی شخصیات نے جے پی ایس ایم میں شمولیت کا اعلان کیا جن میں سردارمحمد جتوئی، جمیل شاہ، کرم داد واہلہ، قیصرعباس خان مگسی، جعفرخان لغاری اورعمیر پتھیانہ شامل ہیں۔

رواں سال نو اپریل کو قومی اسمبلی کے دو اور پنجاب اسمبلی کے چھ اراکین  نے مسلم لیگ ن  کو خیرباد کہتے ہوئے صوبہ جنوبی پنجاب محاذ کے نام سے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں