جس کو اعتماد نہیں کھل کر سامنے آئے، اجلاس کی اندورنی کہانی

جس کو اعتماد نہیں کھل کر سامنے آئے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپنی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں شرکا سے کہا ہے کہ جس کو ان پر اعتماد نہیں سامنے آکر اظہار کرے۔

عمران خان نے کہا اگر عوامی نمائندوں کو مجھ پر اعتماد نہیں تو کھل کر سامنے آئیں۔ میرے لیے وزیراعظم کا عہدہ اہم نہیں نظام، کی تبدیلی میرا مشن ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس کے شروع میں ہی اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے سے شرکا کو آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد پیسے کی سیاست کو بے نقاب کرنا ہے۔ فیصلہ کیا ہے کہ اسی ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم عمران خان کا ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ

عمران خان نے کہا میں چوہوں کی طرح حکومت نہیں کرسکتا۔ اقتدار عزیز ہوتا تو خاموش ہوکر بیٹھ جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔  ووٹ بیچنے اور خریدنے والوں کو بے نقاب کروں گا۔

وزیراعظم نے کہا  آج میرے موقف کو مکمل طور پر تقویت ملی ہے اور یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، ہم شفافیت کیلئے ہر فورم پر جائیں گے۔

خیال رہے کہ  سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی غیرمتوقع طور پر جیت گئے ہیں۔

پی ٹی آئی امیدوار حفیظ شیخ کو یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں کم ووٹ ملےجب کہ پی ٹی آئی کی خاتون امیدوار کو زیادہ ووٹ ملے۔

ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم کو ایک قریبی دوست نے مشورہ دیا کہ ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ پی ٹی آئی کی خاتون امیدوار فوزیہ ارشد کو 174 ووٹ ملے ہیں اور وہ اسلام آباد سے کامیاب ہوئی ہیں، لیکن عمران خان نے ان کی بار رد کرتے ہوئے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا۔

 


متعلقہ خبریں