بجلی و پانی کے متلاشی کراچی میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا

بجلی و پانی کے متلاشی کراچی میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: کئی روز تک جاری رہنے والی گرمی کی شدید لہر ختم ہونے کے بعد کراچی میں ہفتہ کے روز موسم نسبتا بہتر ہے، محکمہ موسمیات نے تصدیق کی ہے کہ آج درجہ حرارت 36 سے38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنےکا امکان ہے۔

موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہوا کی رفتار چھ سے آٹھ ناٹیکل میل رہنےکا امکان ہے، دن اور شام کے اوقات میں کراچی کے آسمان پر ہلکے بادل رہیں گے۔

گرمی کی شدت میں کمی کی نوید سناتے ہوئے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی، تاہم آج شہرمیں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ آج موسم گرم اورخشک رہے گا البتہ شہر میں لو چلنے کی کیفیت نہیں ہوگی۔

گزشتہ دو دنوں میں لو کی موجودگی میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا تھا، اس دوران شہرمیں بجلی بھی غائب رہی تھی۔ مختلف علاقوں میں اعلانیہ اورغیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ بن قاسم پاور پلانٹ کے ٹرپ ہونے والے یونٹ کو بحال نہیں کیا جاسکا جس کی کےالیکڑک نے بھی تصدیق کر دی تھی۔

کراچی کو بجلی فراہمی کے ذمہ دار نجی ادارے کا کہنا تھا کہ تکنیکی خرابی کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قبل ازیں کےالیکڑک نے چھ گھنٹوں میں صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم دو روز گزر جانے کے باوجود خرابی دور نہیں کی جا سکی۔

یہ بھی دیکھیں: پاکستان میں برکھا رت نے موسم بدلا لیکن مشکل ابھی باقی ہے

کراچی کے علاقوں لانڈھی، شاہ فیصل، کورنگی، قائدآباد، گلشن بونیرمیں گیارہ گھنٹوں تک بجلی غائب رہی۔ گلستان جوہر کے مختلف بلاکس، ڈرگ روڈ، ابوالحسن اصفہانی روڈ کےمختلف علاقوں میں بھی بجلی نہیں تھی۔ سعید آباد بسم اللہ چوک میں رات نو گھنٹوں سے بجلی بند رہی۔

ہم نیوز کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کےمختلف سیکٹرز، اوراونگی ٹاؤن کےمختلف علاقے، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، کیماڑی اور گولیمار میں فالٹ یا خرابی کےنام پر بدترین لوڈ شیڈنگ جاری رہی۔

شہر کے متعدد مقامات پر 12 گھنٹوں تک لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ ایف سی ایریا میں بھی بجلی کی طویل بندش ریکارڈ کی گئی۔

گرمی کے ستائے کراچی کو کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی فراہمی میں ناکامی کا یہ خمیازہ بھگتنا پڑا کہ شہرکےمختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت رہی۔ شہریوں کو پینےکےپانی کی کمی کا سامنا رہا جس کے بعد مہنگے داموں ٹینکر یا پانی کی دستیابی والے مقامات پر طویل انتظار کے بعد ضرورت پوری کی گئی۔

ہفتہ کے روز گیس پریشرمیں کمی  کے سبب صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشنز بھی بند رکھے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تاہم سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ کے الیکڑک کے190 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کوٹے میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔


متعلقہ خبریں