ماسکو میں شدید برف باری، نظام زندگی مفلوج

ماسکو میں شدید برف باری، نظام زندگی مفلوج

روس کے دارالحکومت ماسکو میں پڑنے والی شدید برف باری اور طوفان کے بعد نقل وحمل شدید متاثر اور نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ماسکو میں ہونے والی شدید برف باری کے سبب شہر کی سڑکیں برف سے اٹ گئی ہیں اور پھسلن کے سبب راہگیروں کو چلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ متعدد پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

روس کے محکمہ موسمیات کے مطابق ماسکو میں درجہ حرارت منفی 15 سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے جبکہ 18 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

مقامی حکام نے لوگوں کو درختوں سے دور رہنے اور گھروں میں رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں برف باری، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی

روس کے محکمہ موسمیات کے اہلکار ایوجینی تیشیکوف کا کہنا ہے کہ یہ ایک حقیقی برفانی طوفان ہے، یہ برفانی تباہی ہے۔ یہ عام الرٹ نہیں ہے بلکہ ایک جنگی انتباہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق ماسکو شہر میں اب تک 56 سنٹی میٹر برف پڑ چکی ہے۔ ماسکو میں یہ برف باری فروری میں پڑنے والی رکارڈ برف باری میں سے ایک ہے۔ اس سے قبل 1973 میں ماسکو میں 60 سنٹی میٹر برف پڑ چکی ہے۔

ایک کروڑ 12 لاکھ آبادی والے ماسکو میں ایئر پورٹس پر پروازیں شدید متاثر ہوئی ہیں

رپورٹ کے مطابق ماسکو میں ہزاروں گاڑیاں برف تلے دفن ہوگئی ہیں جبکہ سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے مشنری اور افرادی قوت کو اتار دیا گیا ہے۔ ماسکو میئر کے آفس کے مطابق 60 ہزار افراد شاہراہوں اور سڑکوں کو کلیئر کرنے کے لیے تعینات کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں