موٹر سائیکل چلانے والوں کے لیے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل چلانے والوں کے لیے سات روزه آگاہی مہم شروع کی ہے جس کا مقصد موٹر سائیکل چلانے والوں کو ٹریفک قوانین سے روشناس کرانا ہے۔

عوام کی حفاظت کو اپنا اولین فرض بتاتے والے سینئر سپرٹینڈٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ٹریفک فرخ رشید کا کہنا ہے کہ مہم کا بنیادی مقصد قانون پرعمل درآمد اور شہریوں کو حادثات سے بچانا ہے۔

مہم کو مؤثر بنانے کے لیے ایف ایٹ ایکسچینج چوک اور پراجیکٹ موڑ پر ساؤنڈ سسٹم نصب کیے گئے ہیں جہاں سے اعلانات کے زریعے لوگوں کو آگاہی فراہم کی جائے گی۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق دیگر اہم شاہراہوں اور چوکوں پر بھی اسی مقصد کے لیے ساؤنڈ سسٹم نصب کیے جائیں گے۔

مہم کے دوران موٹرسائیکل سواروں کو انتہائی بائیں لین میں چلنے اور ہیلمٹ کے استعمال کی افادیت کے بارے میں بتایا جائے گا۔

ایس ایس پی ٹریفک کا کہنا ہے کہ آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ موٹر سائیکل سواروں سے درخواست کی جائے گی کہ وہ اپنی بائکس کی بروقت مرمت کروائیں۔

سات روزه مہم ختم ہونے کے بعد بغیر شیشوں، بغیراشاروں، بغیرلائٹ اور بغیرہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ایسا کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں