پاکستان نے آسیہ اندرابی کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا


اسلام آباد: پاکستان نے کشمیری انسانی حقوق کارکن اور سیاسی رہنما آسیہ اندرابی کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا۔

پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیری رہنما آسیہ اندرابی کی فوری رہائی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے اور بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید آسیہ اندرابی کو فوری رہا کیا جائے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت آسیہ اندرابی، ان کے شوہر اور ساتھیوں کے خلاف تمام من گھڑت الزامات ختم کرے جبکہ اقوام متحدہ تمام الزامات اور جھوٹے مقدمات ختم کرنے میں کردار ادا کرے۔

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں رائج تمام کالے قوانین بھی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ جاری مقدمے میں انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور قانونی تحفظ کی فراہمی میں مدد دے۔ سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق رہنماؤں کو بھی رہا کیا جائے۔

پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ ماورائے عدالت قتل عام، پھانسیوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کی جائیں اور انسانی حقوق کمیشن کی 2 رپورٹس کی روشنی میں تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ اس حوالے سے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق جنیوا سے رابطہ کیا گیا ہے۔ آسیہ اندرابی 4 دہائیوں تک مقبوضہ کشمیر میں معاشرتی اصلاحات کیلئے سرگرم رہی ہیں اور جیل میں آسیہ اندرابی کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسامہ قتل کیس: گرفتار پولیس اہلکاروں کا جسمانی ریمانڈ منظور

جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ آسیہ اندرابی مسلسل 15 سال سے غیر قانونی اور غیر انسانی قید و بند کا شکار ہیں جبکہ آسیہ اندرابی سمیت دیگر رہنماؤں کی قید کا مقصد بذریعہ بربریت کشمیر پر قبضے کو طول دینا ہے۔ بھارت کشمیری جدوجہد کو دہشت گردی کا رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے اور مسلسل بین الاقوامی انسانی حقوق اور قانون کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔


متعلقہ خبریں