خواجہ آصف کی گرفتاری، ن لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب

مسلم لیگ ن

لاہور: خواجہ آصف کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ ن پنجاب نے کل ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

رانا ثنااللہ کی زیر صدارت اجلاس کل ساڑھے 11 بجے ماڈل ٹاؤن لاہورمیں ہوگا۔ اجلاس میں خواجہ آصف کی گرفتاری کے بعد نیب کی مزید کارروائیوں سے متعلق بات ہوگی۔

اجلاس میں پنجاب احتجاجی ریلیوں کے حوالے سے رہنماؤں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی اور استعفوں کے حوالے سے ڈیڈ لائن پر بھی ارکان سے مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کی کامیابی کے لیے مختلف تجاویز بھی تیار کی جائیں گی۔

قومی احتساب بیورو(نیب)  نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:ن لیگی رہنما خواجہ آصف گرفتار

نیب نے خواجہ آصف کو اثاثہ جات کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ خواجہ آصف کو طلب کیا تھا لیکن وہ ثبوت نہ دے سکے۔

ترجمان نیب کے مطابق خواجہ آصف کے پاس 2004 سے 2008 تک غیر ملکی اقامہ رہا، انہوں نے بطور کنسلٹنٹ لیگل ایڈوائزر کے 13 کروڑ 60 لاکھ روپے وصول کیے۔

خواجہ آصف کو لی گئی تنخواہ سمیت دیگر تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی،انہیں کمپنی کو دی گئی نوکری کی درخواست جمع کروانے کا کہا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے خواجہ آصف کو اقامہ ایگریمنٹ بھی نیب کو جمع کروانے کا کہا گیا تاہم وہ دوران تفتیش مسلسل عدم تعاون کرتے رہے ہیں۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ جب سے نوازشریف کو نااہل کیا گیا اس وقت سے سب کو کہا جا رہا ہے انہیں چھوڑ دیں۔

ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے جواب دیا ہم سب کو 2 ڈھائی سال سے کہا جارہا ہے۔ پارٹی کوتوڑنے کی کوششیں 2 ڈھائی سال سے جاری ہیں۔ کوشش کی جارہی ہے نوازشریف کو کمزور کیا جائے۔


متعلقہ خبریں