منشیات کے خاتمے کیلئے مہم چلائیں گے، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منشیات کے خاتمے کے لیے مہم چلائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا اور اے این ایف ہیڈ کوراٹرزکی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں منشیات فروشی کے خلاف کام کرنا ہو گا۔ اس سے قبل منشیات کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ 80 کی دہائی میں جس نے منشیات سے پیسہ بنایا اس کو غلط سمجھا ہی نہیں گیا اور منشیات سے پیسہ بنانے والوں نے معاشرے اور ملک کو نقصان پہنچایا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ منشیات سے پیسہ بنانے والوں نے پیسہ رشوت، انتخابی مہم اور مجرموں کو پناہ دینے میں استعمال کیا۔ معاشرے میں منشیات ناسور ہے اور اس کا نقصان گھر سے لے کر ملک تک جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 70 لاکھ افراد منشیات کےعادی بن چکے جبکہ منشیات سے پیسہ بنانے والا معاشرے میں قابل قبول ہوتا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ منشیات خاموش قاتل ہے اور یہ کرپشن، ذہنی کیفیت اور اصول کی تباہی کا موجب ہے۔ منشیات یونیورسٹیز میں بھی پھیل چکی ہے جو افسوسناک بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں مہم چلائی جائے گی۔


متعلقہ خبریں