اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ ( پی ڈی ایم) کے جلسے ناکام ہو چکے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان انتخابات میں ناکامی پر اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کورونا پر سیاست کرنا چاہتی ہے۔ لاک ڈاؤن کا مطالبہ کرنے والے اب جلسے کر رہے ہیں۔ ملک لوٹنے والوں کا ہر حال میں احتساب ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنہوں نے 40 سال حکومتیں کیں وہ ایک اسپتال ایسا نہیں بنا سکے جہاں ان کا علاج ہو سکے، پوری قوم جانتی ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملکی مفاد کے لیے کچھ نہیں کیا۔
ملک لوٹنے والے، اشتہاری اور مفرور افراد کس منہ سے حکومت پر تنقیدکر رہے ہیں، مراد سعید
مراد سعید نے کہا کہ صحت کا نظام نہ بنانے پر ان لوگوں کو شرمندہ ہونا چاہیے تھا، پہلے یہ ملک میں مکمل لاک ڈاوَن اب جلسوں پر زور دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن اور بہترین حکمت عملی سے کورونا کی پہلی لہر پر قابو پایا، حکومت نے احساس پروگرام کے ذریعے مستحقین کو مالی امداد فراہم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسمارٹ لاک ڈاوَن کا تصور دیا۔ اسمارٹ لاک ڈاوَن پالیسی کوعالمی سطح پر پذیرائی ملنے کے ساتھ رول ماڈل قرار دیا گیا۔