جلسوں کی سنچری بھی کر لیں تو حکومت جانیوالی نہیں، گورنر پنجاب

پاکستان کیلئے مشکل وقت ہے، دو سال کیلئے قرضوں اور سود کی ادائیگی مؤخر کی جائے، چودھری سرور

فوٹو: فائل


لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جلسوں کی سنچری بھی مکمل کر لیں تو حکومت جانے والی نہیں۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے صوبائی وزیر توانائی اختر ملک اور دیگر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، اپوزیشن کے جلسوں، کورونا کیسز کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ مخالفین جلسوں کی سنچری بھی مکمل کر لیں تو حکومت جانے والی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف جماعتوں کی کورونا پر غیر سنجیدگی ملک وقوم کے لیے نقصان دہ ہو گی اور کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنیوالے اپنی اور دوسروں کی جان کے دشمن ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ امریکہ جیسے حالات سے بچنے کے لیے کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا لازم ہے جبکہ کورونا کی دوسری لہر پہلی سے زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام حکومت، جمہوریت اور پارلیمنٹ کے ساتھ متحد کھڑے ہیں۔ مڈم ٹرم انتخابات کی خواہش رکھنے والے 2023 تک صبر کریں۔

یہ بھی پڑھیں: حزب اختلاف کورونا جیسے معاملے پر سیاست نہ کرے، شبلی فراز

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عوام ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو ناکام بنائیں گے جبکہ حکومتی ایجنڈا عام آدمی کو مضبوط بنانا اور ان کو ہر شعبے میں ریلیف دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری یونیورسٹیوں کو سولر پر منتقل کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ تعلیمی اداروں کو سولر پر منتقل کرنے سے سالانہ اربوں روپے کی بچت ہو گی۔


متعلقہ خبریں