سعودی عرب کی قیادت میں جی ٹوئنٹی ممالک کا سربراہی اجلاس آج سے ریاض میں ہو رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب میں 2 روزہ جی ٹوئنٹی ورچوئل سربراہ کانفرنس 21 نومبر سے شروع ہو رہی ہے اور یہ اس گروپ کی پندرہویں سالانہ کانفرنس ہے۔
شاہ شلمان بن عبدالعزیز کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ کورونا کی وبا کے باعث یہ کانفرنس اتہائی اہم ہے جس میں عالمی معیشت کو متاثر کرنے والے مسائل پر بحث ہو گی۔
جی ٹوئنٹی اجلاس میں عالمی تنظیمیں اور اداروں کے حکام بھی شرکت کریں گے جبکہ اجلاس میں عالمی ادارہ خوراک و زراعت، مالیاتی استحکام کونسل کے حکام شرکت کریں گے، اس کے علاوہ جی ٹوئنٹی ممالک کے اجلاس میں عالمی ادارہ صحت، عالمی ادارہ محنت کے حکام شریک ہوں گے۔
اجلاس میں اقوام متحدہ،عالمی بینک گروپ اور عالمی تجارت تنظیم کے علاوہ دیگر اداروں کے حکام شرکت کریں گے، اجلاس میں عرب مالیاتی فنڈ، اسلامی ترقیاتی بینک، افریقی یونین اور جی سی سی حکام بھی شریک ہوں گے۔
جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ نے سال رواں کے دوران اپنی میٹنگز میں غریب ترین ملکوں پر کورونا وبا کے اثران کم کرنے کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا لائحہ عمل طے کیا تھا۔
جی ٹوئنٹی میں شریک ممالک دنیا کی دو تہائی آبادی کے نمائندہ ہیں۔ ان کی معیشت کا حجم دنیا کی 85 فیصد معیشت کے برابر ہے اور یہ 75 فیصد عالمی تجارت کے مالک ہیں۔