میرپور آزاد کشمیر: کورونا کے مزید 2 مریض جاں بحق


میرپور:  آزاد  جموں و کشمیر کے ضلع  میرپور کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال میں داخل کورونا وائرس کے مزید 2 مریض جاں بحق ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپور کے مطابق سرکاری اسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 کورونا کے مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث آزاد کشمیر میں دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق گزشتہ ہفتے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت اجلاس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

راجہ فاروق حیدر خان نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی شرح 8.3 فیصد ہے جو کہ پاکستان بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ آزاد کشمیر میں دوبارہ لاک ڈاوَن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور  مذہبی اجتماعات سیاسی و سماجی تقریبات بھی محدود کی جائیں گی۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید36 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 ہزار738 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3لاکھ68ہزار665 ہوگئی جبکہ7 ہزار 561 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران868 مریض صحت یاب ہوئے اور اب تک مجموعی طور پر3لاکھ27 ہزار542 شفا یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد25 ہزار 719، خیبرپختونخوا43 ہزار359، سندھ ایک لاکھ 59 ہزار752، پنجاب ایک لاکھ12ہزار893، بلوچستان16ہزار642، آزاد کشمیر5 ہزار806 اور گلگت بلتستان میں4ہزار494 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات سندھ میں ہوئی ہیں جہاں2ہزار780 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ پنجاب2ہزار811، خیبرپختونخوا1ہزار319، اسلام آباد266، گلگت بلتستان93، بلوچستان158 اور آزادکشمیر میں134 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں