اسلام آباد: مزید 3 تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ

اسلام آباد: مزید 3 تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مزید 3 تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد  نے کورونا کیسز رپورٹ ہونے والے تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کے مراسلے جاری کردیے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتطامیہ اور ڈی ایچ او آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز آئی ٹین ون میں تین کیسز ہوئے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد کے علاقے جی 15 میں واقع نجی اسکول میں2 کیسز اور اسلام آباد کے جی ٹین فور میں واقع نجی اسکول میں تین کیسز رپورٹ  ہوئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے 7 تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

ضلعی انتظامیہ اور ڈی ایچ او آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ  میں گزشتہ روز کہا گیا تھا کہ اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز ایچ نائن میں 5 کورونا وائرس کے کیسزاور اسلام آباد ماڈل اسکول جی سیون تھری میں 5 کیسز رپورٹ ہوئے ۔

اسی طرح اسلام آباد ماڈل کالج مالپور میں دو کیسز، اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز جی ایٹ فور میں 5 کیسز، اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلزایف سکس ٹو میں 2 کیسز، اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز ایف سیون ٹو میں 5 کیسز اور اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلزایف ایٹ ون میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسلام آباد میں اب تک 131 تعلیمی اداروں کو کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھین: ملک میں کورونا کی دوسری لہر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، وزیراعظم

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 63 ہزار 380 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے 37 اموات ہوئیں جس کے بعد کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 7 ہزار 230 تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے 3 لاکھ 25 ہزار 788 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 24 ہزار 871 ہو چکی ہیں جبکہ مزید 3 افراد کی موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 263 تک پہنچ گئی۔ اسلام آباد میں کورونا کے 3 ہزار900 مریض زیر علاج ہیں۔

آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد 5 ہزار 640 تک پہنچ گئی جبکہ ایک ہزار 362 مریض زیر علاج ہیں۔ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 131 ہے۔

خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 42 ہزار 815  ہے اور ایک ہزار 318 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک لاکھ 57 ہزار 432 کورونا کیسز ہو چکے ہیں جبکہ سندھ میں مزید 9 افراد کی موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 760 تک پہنچ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی دوسری لہر: ملک بھر میں جلسوں پر پابندی عائد

سندھ میں زیرعلاج مریضوں کی تعداد 11 ہزار 20 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 11 ہزار626 کورونا کیسز ہیں اور مزید 17 افراد کی موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 509 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق بلوچستان میں 16 ہزار 529 افراد متاثر اور اموات کی مجموعی تعداد 156 ہے۔ گلگت بلتستان میں کورونا کے 4 ہزار467 کیسز اور 93 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔


متعلقہ خبریں