کچھ سیاسی جماعتیں شفاف الیکشن کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، ترجمان جی بی حکومت

جی بی کے 24 حلقوں کے نتائج کا اعلان

گلگت بلتستان: ترجمان گلگت بللتستان حکومت نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی جماعتیں شفاف انتخابات کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

جاری بیان میں ترجمان گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کا الیکشن مثالی ہے۔ بیلٹ پیپرز کی گنتی کے بعد فائنل نتائج آویزاں ہوں گے۔ گلگت بلتستان کے مختلف حلقوں میں گنتی کا عمل جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق ابھی تک کے نتائج غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے۔ گلگت بلتستان کے عوام کے ووٹ کو عزت دینے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماوں نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی مذمت کی ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز سے گفتگو میں کہا کہ دھاندلی کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کا حکومتی اتحاد سے زیادہ ووٹ لینا پاکستان تحریک انصاف کی عدم مقبولیت کا ثبوت ہے۔

مریم نواز نے بلاول بھٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپوزیشن کے بیانئے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دوران گفتگو دونوں رہنماوں نے جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا کہ گلگت بلتستان کے لیے کچھ نہ کرنے والوں کو ووٹ کیسے ملتے؟

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم میں سب کے اپنے اپنے مفادات ہیں، علی محمد خان

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے جذبانی بیانات منطق و حقائق سے عاری ہیں۔ حزب اختلاف کو انتخابات کے بعد اپنی شکست تسلیم نہ کرنے کی بری روایت کو ترک کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اپنی شکست تسلیم نہ کرنے کا ایسا رویہ جمہوری اقدار کے منافی ہے اور جمہوریت کا لیکچر دینے والے جمہوری طرز عمل اپنائیں۔

شبلی فراز  کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والے گلگت بلتستان کی عوام کے ووٹ کو عزت دینے کو تیار نہیں ہیں۔ گلگت بلتستان میں تمام سروے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی برتری اور وزیر اعظم عمران خان کو مقبول رہنما دکھا چکے تھے۔

انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ 10 سال میں گلگت بلتستان کی عوام کے لیے کچھ نہ کرنے والوں کو ووٹ کیسے ملتے؟


متعلقہ خبریں