سازشوں کے خلاف پاکستان کا دفاع جاری رکھیں گے، عارف علوی

فائل فوٹو


اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ سازشوں کے خلاف پاکستان کا دفاع جاری رکھیں گے۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور قراردادوں پر یقین رکھتےہیں، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے.

انہوں نے کہا کہ دنیا کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ٹھوس شواہد پیش کر دیئے ہیں، قوم کو بتانا چاہتا ہوں ہمارے ادارے ہر وقت الرٹ ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت دنیا کو دے دیئے ہیں اس کے بعد دنیا خاموش یا لاتعلق نہیں رہ سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی ریاست براہ راست ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بھارت مالی معاونت بھی کرتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ عالمی برادری بھارت کو اپنی دہشت گردی کے خاتمے اور پاکستان میں ہزاروں بے گناہ لوگوں کے قتل کے ذمہ داروں کو         انصاف کے کٹہرے میں لانے پر مجبو کرے گی۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کر دیے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ آج کی پریس کانفرنس کی بہت اہمیت ہے، بھارت کی ایل اوسی پر معصوم شہریوں کو  نشانہ بنانے کی مذمت کرتاہوں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا بنیادی مقصد بھارت کا اصلی چہرہ بے نقاب کرنا ہے، بھارت کا فاشسٹ چہرہ دنیا پر عیاں ہو چکا ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزیوں پر مزید خاموشی پاکستان اور خطے کے امن کے مفاد میں نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر سیزفائر کی خلاف ورزی: بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، بھارت نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، بھارت بدمعاش ریاست کا روپ دھارنے جا رہا ہے، مزید خاموش رہنا پاکستان  اور خطے کے امن کے مفاد میں نہیں۔


متعلقہ خبریں