میرے خلاف ایک اور مقدمے کی تیاری ہورہی ہے، نوازشریف


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ مشکلات میں گھرا ہوا ہوں لیکن جھکا نہیں، ممکن ہے مجھے سزا سنا دی جائے۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میرے خلاف ایک اور مقدمے کی تیاری ہورہی ہے، میں ان ہتھکنڈوں کے سامنے نہیں جھکوں گا، اگر ہم پیچھے ہٹ گئے تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سازشوں کا مقابلہ کروں گا، اگر آپ ساتھ دیں گے تو یہ جنگ جیتیں گے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ ملک اور تاریخ بدلنے کا وقت آگیا ہے، ممکن ہے مجھے سزا سنا دیں، اب اس سے زیادہ کیا ہوگا؟

ان کا کہنا تھا کہ ہفتے میں  پانچ بارعدالتوں کے چکر لگا تا ہوں۔ عدلیہ کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ آپ نوازشریف کو نااہل کرتے ہو،عوام  مسلم لیگ کا ساتھ دے رہے ہیں۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہمیں سات سال مشرف نے ملک سے بے دخل رکھا اور آئین کی خلاف ورزی کی، یہ وقت زرداری پر بھی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور مشرف دہشت گردی کے خلاف کیوں نہیں اٹھے؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان  کو پانچ سال  کے پی میں حکومت ملی، صوبے میں کیا کیا؟ لوگوں کو سب نظر آتا ہے، عمران خان کسے بے وقوف بنار رہے ہو؟

ان کا کہنا تھا کہ بڑے اصولوں کی بات کرنے والے اوپر سے آرڈر لیتے ہیں، نیا پاکستان سچ اور حق سے بنتا ہے، جھوٹ اور منافقت سے نہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2013سے پہلے پاکستان کے عوام گھبرائے ہوئے تھے، ہر صوبے کے اندر خوف تھا، اسلام آباد بھی محفوظ نہ تھا، دہشت گردی پر ہاتھ ڈالنا کوئی آسان کام نہیں۔

کراچی کے حالات پر بات کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ صوبائی حکومت کا فرض تھا وہ  دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہوتے، ہم نے کراچی میں کارروائی کا فیصلہ کیا اور اس کے لیے میں نے سب سے ملاقاتیں کیں۔

نواز شریف نے کہا کہ مجھے نکال دیا گیا اب وزیراعظم نہیں ہوں، اب بھی کراچی والے ہماری خدمت کو یاد رکھے ہوئےہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا سینیٹ میں جو ہوا وہ اب قومی اسمبلی کے ساتھ ہورہا ہے، کرائے پرخریدے ہوئے لوگ  سینیٹ کے ووٹ  بیچ رہے ہیں۔ کیا بکے ہوئے لوگوں کے لیے پاکستان بنایا تھا؟

نوازشریف کا کہنا تھا کہ میری آج کی خدمات  نہ دیکھیں ماضی پر نظر دوڑائیں، کلنٹن نے مجھے کہا ہم آپ کو 5ارب ڈالر دیں گے آپ ایٹمی دھماکے نہ کریں میں نے کہا ہمیں آپ سے مدد یا گرانٹ نہیں چاہیے۔ دہایئوں سےنامکمل منصوبوں کو مکمل کیا، ہرشعبے میں بہتری لائی، نیلم جہلم منصوبے کو آئندہ مہینےمکمل کرلیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے ایک منصوبے پر کروڑوں روپے کھائے۔

انہوں نے کہا رمضان کے بعد الیکشن مہم میں بھرپور حصہ لیں گے اور مجھے امید ہے رمضان میں آپ سے دور نہیں کیا جاوں گا۔ اگر میری قربانی عوام کے کام آجائے تو میری خوش نصیبی ہے۔

 


متعلقہ خبریں