لاہور: کسانوں کا دھرنا، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ


لاہور: ملتان روڈ پر کسان اتحاد دھرنے کے شرکا کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کیا جبکہ متعدد کسانوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

ٹھوکر نیاز بیگ پر کسان اتحاد نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا اور ملتان روڈ پر دھرنا دے کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ ہوا۔

پولیس نے مظاہرہ کرنے والے متعدد کسانوں کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا اور ملتان روڈ پر ٹریفک کو بحال کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ کسان اتحاد کی جانب سے گزشتہ روز سے ملتان روڈ پر دھرنا جاری تھا اور مذاکرات ناکام ہونے کے باوجود انتظامیہ نے مذاکرات کی کامیابی کی خبر جاری کی تاہم آج صبح کسان اتحاد کے صدر نے خبر کو جھوٹ قرار دیا اور دھرنا جاری رکھا۔

کسان اتحاد کے صدر چوہدری انور نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ ہاؤس کو بھی بلاک کر کے دکھائیں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ نے کسانوں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسان ہمارے بھائی ہیں اور ملکی معیشت میں ان کا اہم کردار ہے۔ گرفتار کسانوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔


متعلقہ خبریں