صحرائے چولستان میں ڈیزرٹ سفاری میلہ سج گیا

صحرائے چولستان میں ڈیزرٹ سفاری میلہ سج گیا

بہاولپور: پنجاب کے ضلع بہاولپور کے صحرائے چولستان میں ڈیزرٹ سفاری میلہ سج گیا۔

صحرائے چولستان میں فنکاروں کے روایتی رقص نے سب کے دل جیت لیے جبکہ مقامی گلوکاروں نے بھی شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ ڈیزرٹ سفاری پر آئے سیاحوں نے چولستان کے روایتی رقص اور مقامی گلوکاروں کو دل کھول کر داد دی۔

چولستان کی ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا اور مقامی رقص کے ساتھ کانوں میں رس گھولتی سرائیکی زبان کی میٹھی گائیکی نے ایونٹ کا لطف دوبالا کردیا۔

ڈیزرٹ سفاری میلے کے انعقاد کا مقصد چولستان میں سرمائی سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ علاقائی ثقافت کو اجاگر کرنا ہے۔

جنوبی پنجاب کے صحرائے چولستان میں ہر سال ڈیزرٹ کار ریلی کا میلہ بھی سجتا ہے اور یہ رواں سال فروری میں منعقد ہوا تھا جس میں 133 ڈرائیوروں نے حصہ لیا تھا۔

بہاولپور کے قلعہ دراوڑ کے قریب ہونے والی سالانہ ریلی کو دیکھنے کے لیے موٹر اسپورٹس کے شائقین کے قافلے ملک بھر سے آتے ہیں۔ ریس میں حصہ لیں نہ لیں، گاڑیاں دوڑانے کے شوقین بیش قیمت گاڑیاں ریت کے ٹیلوں پر لا کر آزماتے ہیں۔

ریس میں حصہ لینے والی گاڑیاں مہنگے اور پائیدار شاکس اور سسپینشن سے لیس ہوتی ہیں تاکہ ٹیلوں پر باآسانی دوڑ سکیں۔


متعلقہ خبریں