لاہور: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر پم سیٹ یونیورسٹی کے طلبا نے ڈگریوں کی عدم تصدیق پراحتجاج کیا۔
پریسٹن انسٹی ٹیوٹ آف مینیجمنٹ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبا نے چیف جسٹس ثاقب نثار سے از خود نوٹس کا مطالبہ کیا۔
پم سیٹ لاہور کیمپس کے طلبا نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو ڈگریوں کی تصدیق کا حکم دیں۔
اس سے قبل پم سیٹ لاہور کیمپس کے تین سو سے زائد طلبا نے اس معاملے پرلاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
جنوری 2018 میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ پم سیٹ لاہور کیمپس کے قیام کی منظوری نہیں دی گئی تھی۔
ایچ ای سی کے وکیل کا موقف تھا کہ لاہور کیمپس غیر قانونی طور پر بنا تھا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف کیسز کی سماعت کر رہے ہیں۔
جسٹس ثاقب نثار کی آمد سے قبل ہی پم سیٹ کے طلبا سمیت دیگر سائلین بڑی تعداد میں عدالت کے باہر موجود تھے۔