ایک ماہ میں پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر جائے گا، فیاض الحسن چوہان


لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ماہ میں پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر جائے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف بھارتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور وہ اشتہاری ہو کر بھی اداروں کے خلاف بول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف عدالتوں کی طرف سے مجرم قرار پائے گئے  جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر سندھ پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گزشتہ روز کراچی جلسے میں نواز شریف نے خطاب نہیں کیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ پی ڈی ایم میں اندرونی اختلافات ہیں اور میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ نواز شریف کی تقریر نہیں ہو گی۔ نواز شریف کی تقریر نہ ہونا بارش کا پہلا قطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم صفدر نے اپنے والد کو بھی نااہل کر دیا انہوں نے اپنے خاندان کا نام ووٹ ہی رکھ لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایت پر نہیں ہوئی، سعید غنی

صوبائی وزیر نے کہا کہ قائد اعظم نے پاکستان کی بقا کی جنگ لڑی، ن لیگی رہنماؤں کو ان کے مزار پر جاکر توبہ کرنی چاہیے تھی۔ سعید غنی نے کہا کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایت پر نہیں ہوئی انہیں تو کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر کریڈٹ لینا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے مطالبہ کیا تھا بیگم صفدر اعوان کو بھی گرفتارکرنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں