حکومت عوام کے بجائے مافیا کی جیبیں بھر رہی ہے، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے بجائے مافیا کی جیبیں بھر رہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صبح صبح ایک بیانیہ آجاتا ہے جس کا جواب دینا پڑتا ہے تاہم اب جھوٹے احتساب کا بیانیہ دفن ہو گیا ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف کرپشن نہ ملی تو غداری کا بیانیہ لے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام حکومتی نااہلی اور نالائقی کی سزا بھگت رہی ہے جبکہ کابینہ اجلاس صرف اس لیے ہوتا ہے کہ اب کس کے خلاف مقدمہ بنانا ہے تاہم اب عوام کے سامنے چوری اور کرپشن عیاں ہو چکی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سال 2018 کے عام انتخابات میں آر ٹی ایس سسٹم بٹھا کر نااہل ٹولے کو مسلط کیا گیا جس نے چینی، آٹے اور ادویات مافیا کے سامنے گٹھنے ٹیک دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کا آٹا جانوروں کو ڈالنے کے قابل ہے جبکہ ایک سال کے دوران سبزی کی قیمتوں میں 45 فیصد اضافہ ہوا، ٹماٹر 97،آلو 74، چاول 20 اورمصالحوں کی قیمتوں میں 78 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: بیگم صفدر اعوان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لاکھوں جعلی فالورز ہیں، فیاض الحسن چوہان

ترجمان مسلم لیگ نے کہا کہ لوبیہ 42، مونگ دال کی قیمت میں 45 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ملک میں کوئی شعبہ ایسا نہیں جس میں کرپشن اور نااہلی نہ ہو۔ یہاں حکومت عوام کی بجائے مافیا کی جیب بھر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ترجیح مافیاز کو ریلیف دینا ہے نہ کہ عوام کو۔ ملک میں 20 کلو آٹے کا تھیلہ 1100 روپے میں بیچا جا رہا ہے اور لوکل گیس کی قیمت ایل این جی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں