حکومت نواز شریف کو واپس لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، غلام سرور


اسلام آباد:  وفاقی وزیر  برائے ہوا بازی غلام سرور نے کہا ہے کہ حکومت سابق وزیراعظم نواز شریف کو واپس لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی خزانہ لوٹنے پر نواز شریف کو سزا سنائی گئی۔ نوازشریف کی صحت پر میڈیکل  بورڈز  بھی بنائے گئے۔ سزا یافتہ مجرم کو طبی بنیاد  پر بیرونی ملک جانے دیا گیا۔ میڈیکل بورڈ کو چیلنج اور رپورٹ کی انکوائری ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر  برائے ہوا بازی نے کہا کہ جو مرضی کرلیں انہیں این آر او نہیں ملے گا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف اپوزیشن میں انقلابی اور اقتدار میں آمر بن جاتے ہیں، شبلی فراز

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی اپیلوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

عدالتی حکمنامے کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ عدالت نےفیصلے میں کہاکہ دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر محمد مبشر خان، قونصل اتاشی عبدالحنان کا بیان اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حصہ ہوگا۔

عدالتی حکمنامے کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن لندن کو ویڈیو لنک کے زریعے بیان ریکارڈ کرنے کے لیے اس آرڈر سے آگاہ کیا جائے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کے وارنٹس کی تعمیل کی کوشش کی  لیکنکامیابی نہیں ہوئی۔ وارنٹس کی تعمیل کے لیے جانے والے افسران کے بیانات سات اکتوبر کو ریکارڈ ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ کہ نواز شریف پورے سسٹم کو شکست دے کر باہر گیا، ملزم باہر بیٹھ کر حکومت اور اس ملک پر ہنستا ہو گا، یہ انتہائی شرم ناک رویہ ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کے دوران نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا  آئندہ وفاقی حکومت کو بھی خیال رکھنا چاہیے کہ کیسے کسی کو باہر جانے دینا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی، ضمانت منسوخی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی گئی


متعلقہ خبریں