وزیراعلیٰ سندھ کا بارشوں اور سیلاب کے پانی کی نکاسی کا حکم


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مختلف شہروں میں موجود بارشوں اور سیلاب کے پانی کی 15 روز میں نکاسی کا حکم دے دیا۔

کراچی میں اجلاس کی صدارت کرتے مرادعلی شاہ نے سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کے لیے اضافی ٹینٹ اور راشن بیگ بھیجنے کی بھی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ  میں بتایا گیا کہ سانگھڑ، میرپور خاص اور عمر کوٹ اضلاع کی پانچ  لاکھ ایکڑ اراضی پر پانی کھڑا تھا۔ چار لاکھ ایکڑ سے پانی  کی نکاسی ہوگئی اور   اب صرف ویران اور غیرآباد علاقوں میں پانی موجود ہے۔

وزیراعلی  نے ہدایت کی کہ انہیں پندرہ  دن میں پانی کی مکمل نکاسی چاہیے۔ کمشنر میرپورخاص نے اجلاس کو بتایا کہ  ڈویژن میں  بے گھر افراد کے لیے 38 سینٹرز بنائے گئے ہیں۔عمر کوٹ میں چھپن ہزار، تھرپارکر میں پندرہ ہزار سے زائد اور  میرپور خاس میں چار ہزار متاثرین کیمپس میں موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی نے غیر معمولی بارشوں کا سامنا کیا،گورنر سندھ

کمشنر شہید بینظیرآباد  نے اجلاس کو بتایا کہ  سانگھڑ سے ساٹھ فیصد پانی نکل چکا۔ بارہ ہزار کے قریب لوگ کیمپس میں ہیں۔

صوبائی  ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  نے بتایا اجلاس کو بتایا کہ چوہتر ہزار ٹینٹ،ڈیڑھ لاکھ سے زائد راشن بیگ اور چوبیس ریسکیو بوٹس فراہم کی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  نے سانگھڑ میں مزید  پانچ ہزار راشن بیگ اور تین ہزار ٹینٹ بھیجنے کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب چینی حکومت نے سندھ میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرین  ہونے والے افراد کی امداد کے لیے اڑھائی کروڑ روپے فراہم کر دیے ہیں۔

قونصل جنرل کی سربراہی میں چینی وفد نے  وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور امدادی رقم کا چیک پیش کیا۔ وفد نے  بارشوں سے صوبے میں تباہی پر افسوس کا اظہار کیا۔ چینی قونصل جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ چینی حکومت متاثرہ ہاریوں کی بھی مدد کرے گی۔

چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ سندھ حکومت کی مدد کی ہے۔ سال 2010 اور 2011 کے سیلاب میں بھی چین نے متاثرین کی بحالی میں تعاون کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان سے سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی اپیل کی تھی۔


متعلقہ خبریں