قبائلی اضلاع میں پرائمری طلبا کیلیے اسکالرشپ اسکیم کی رقم منظور

قبائلی اضلاع میں پرائمری طلبا کیلیے اسکالرشپ اسکیم کی رقم منظور

پشاور: خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں پرائمری طلبا کے لیے اسکالرشپ اسکیم کی رقم منظور کر لی گئی ہے۔

قبائلی اضلاع کے لیے اسکالر شپ کی مد میں 2 ارب 95 کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے۔ 70 فیصد حاضری پر لڑکیوں کو ایک ہزار اور لڑکوں کو 500 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرا عظم نے احساس اسکالر شپ پروگرام کا افتتاح کردیا

اسکالر شپ کی رقم کی منظوری ایڈیشنل چیف سیکریٹری شکیل قادر کی زیر صدارت صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں منظور کی گئی۔

سیکنڈری  اسکولز کے طلبا کے لیے بھی ایک ہزار ماہانہ وظیفے کے لیے 76 کروڑ  روپے کی اسکالرشپ اسکیم منظور کی گئی ہے۔

گزشتہ برس وزیر اعظم عمران خان نے ہر سال 50 ہزار انڈر گریجویٹ اسکالر شپس دینے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکالر شپس دینے کا اعلان کیا اور واضح کیا کہ ان لوگوں کو اسکالر شپس دی جائیں گی جن کے گھر میں پیسہ نہیں ہے جبکہ احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپس میں 50 فیصد خواتین کو کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے ہر سال 50 ہزار اسکالر شپس دینے کا اعلان کر دیا

انہوں نے کہا کہ احساس اسکالر شپس پروگرام معاشرے میں بڑی تبدیلی لائے گا۔ دیگر ممالک میں بہترین تعلیم سرکاری اسکولوں میں دی جاتی ہے۔ نوجوانوں کو موقع نہیں دیں گے تو ان کے پاس کیا راستہ رہ جائے گا۔ بیروزگاری کی وجہ سے نوجوانوں نے جرائم کی دنیا میں قدم رکھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو بیروزگاری اور منشیات سے بچانے کے لیے تعلیمی اداروں کا قیام ناگزیر ہو گیا ہے جبکہ ملک سے غربت ختم کرنے کے لیے نوجوانوں کو مواقعے فراہم کرنا ہوں گے۔


متعلقہ خبریں