لاہور: شوہر کے سامنے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان گرفتار


لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے علاقہ رائے ونڈ میں چند روز قبل ڈکیتی کے دوران شوہر کے سامنے خاتون کو درندگی کا نشانہ بنانے والے دو ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو جیو فینسنگ، سی ڈی آرز اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیاگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موٹر وے زیادتی کیس: مرکزی ملزم کے5رشتہ داروں کو حراست میں لے لیا گیا

پولیس حکام نے ہم نیوز کو بتایا کہ سجاد اور قاسم نامی ملزمان نے گھر میں ڈکیتی کے دوران خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

پولیس نےمزید بتایا کہ ملزمان کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کروا لیا گیا ہے۔ فرانزک رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب پولیس نے موٹروے زیادتی کیس کےمرکزی ملزم عابد ملہی کے پانچ رشتہ داروں کو حراست میں لے لیا ہے۔

سی ٹی ڈی، سی آئی اے اور قصور پولیس نے قصور روڈ راؤخان والا میں مرکزی ملزم عابد کی موجودگی کی اطلاع پر گزشہ شب آپریشن کیا تھا۔

پولیس کے مطابق زیرحراست افراد میں عابد کے دو کزن، ایک خاتون اور دو عزیز شامل ہیں۔ دو روز قبل ان افراد کا عابد سے رابطہ ہوا تھا۔ زیر حراست افراد کو قصور سے لاہور منتقل کر دیا گیاہے جہاں ان سے نامعلوم مقام پر مزید تفتیش کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور موٹروے زیادتی کیس: زیر حراست 6 افراد کو رہا کر دیا گیا

پولیس کے مطابق ملزم کی بیوی کوبھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

خاتون مرکزی ملزم کے ساتھ شیخوپورہ کے گاؤں قلعہ ستار شاہ سے فرار ہوگئی تھی۔ عابد کی بیوی بچوں کو لینے مانگا منڈی میں اپنے سسرال پہنچی۔ جہاں پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق عابد کی اہلیہ سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

ملزم شفقت علی اور اقبال عرف بالا مستری کو پولیس گرفتار کرچکی جبکہ عابد ملہی فرار ہے جس کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے گزشتہ روز6 زیرحراست افراد کو رہا بھی کیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں