’ راوی سٹی اور بنڈل آئی لینڈ منصوبے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پر کشش ہیں‘


کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ راوی سٹی اور بنڈل آئی لینڈ منصوبے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پر کشش ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت گورنر ہاوَس کراچی میں اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں راوی سٹی اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ سرمایہ کاروں نے وزیراعظم عمران خان کے تعمیراتی صنعت کیلئے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا کہ ان منصوبوں سے ملک میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم کی راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ جلد شروع کرنے کی ہدایت

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دو ماہ قبل ہونے والے اجلاس میں  دریائے راوی کے کنارے نیا شہر آباد کرنے والے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبے پر کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبے کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کے دورانچیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے منصوبہ پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران نے کہا کہ منصوبہ پنجاب کی معیشت اور لاہور شہر کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اہم ہے۔ منصوبے سے لوگوں کو نوکریاں دینے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پراجیکٹ سے لاہور کے رہائشیوں کیلئے پانی کی کمی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ حکومت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ہر رکاوٹ ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پراجیکٹ کی تکمیل کے دوران ماحولیاتی نظام پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔ واٹر کنزرویشن کا خاص خیال رکھا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ منصوبے سے اسلام آباد کی طرز پر جدید اور ماڈرن سٹی کا قیام عمل میں آئے گا۔ ٹائم لائنز کے تحت منصوبے کا جلد از جلد آغاز کیا جائے۔


متعلقہ خبریں